اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) میں وزارت اطلاعات کی مداخلت مکمل طورپرختم کرنےکافیصلہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سرکاری ٹی وی سےمتعلق وزارت اطلاعات کےاختیارات محدود کردیئےگئے اور ادارے میں فیصلوں کامکمل اختیارپی ٹی وی بورڈ کو دے دیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی وی، ریڈیوپاکستان اور شالیمار براڈکاسٹنگ کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں وزارت اطلاعات کی ان اداروں میں مداخلت مکمل طورپر ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزارت اطلاعات کوپی ٹی وی بورڈکےفیصلوں پرنظرثانی کااختیارنہیں ہوگا اور نہ ہی وزارت اطلاعات پی ٹی وی کے انتظامی ومالی معاملات میں مداخلت کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ایم ڈی پی ٹی وی ارشد خان کوعہدے سے ہٹا دیا گیا
یہ بھی فیصلہ ہوا کہ وزارت اطلاعات صرف پی ٹی وی کوپالیسی اور ایڈیٹوریل گائیڈلائن دےگا جب کہ چیئرمین یا ایم ڈی پی ٹی وی بورڈفیصلوں پرکوئی اجلاس نہیں بلاسکیں گے۔
اجلاس میں پی ٹی وی اور شالیمار براڈکاسٹنگ بورڈآف ڈائریکٹرز کو ضم کرنےکافیصلہ کرتے ہوئے طے کیا گیا کہ پی ٹی وی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو پی سی بی طرز پر بنایاجائےگا۔