اسلام آباد : پاکستان کے22ویں وزیراعظم عمران خان کوگارڈآف آنرپیش کیاگیا اور عمران خان نے وزیراعظم ہاؤس کےاسٹاف سے ملاقات بھی کی۔
تفصیلات کے مطابق نو منتخب وزیراعظم عمران خان حلف لینے کے بعد وزیراعظم ہاؤس پہنچے، جہاں گارڈآف آنر کی تقریب منعقد کی گئی، تقریب میں پاکستان کے 22ویں وزیراعظم کو گارڈآف آنر پیش کیا گیا اور عمران خان نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔
گارڈآف آنر کے بعد وزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم ہاؤس کے اسٹاف سے ملاقات کی اور مصافحہ کیا۔
اس سے قبل ایوان صدر میں عمران خان نے وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھایا، صدرممنون حسین نے وزیراعظم عمران خان سے حلف لیا، اس موقع پر عمران خان نے سیاہ شیروانی زیب تن کی تھی۔
مزید پڑھیں : عمران خان نے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھالیا
تقریب حلف برداری میں آرمی چیف سمیت مسلح افواج کےسربراہان شریک ہوئے جبکہ تقریب میں سرحد پار سے آئے مہمان بھی موجود تھے۔
حلف برداری تقریب میں عمران خان کی قیادت میں ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم نے شرکت کی اور سیاسی رہنماؤں سمیت مختلف شعبہ ہائےزندگی سےتعلق رکھنے والے افراد بھی موجود تھے۔
نو منتخب وزیراعظم عمران خان لمبے چوڑے پروٹوکول کے بغیر ایوان صدر پہنچے تھے۔
واضح رہے قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو ملک کا بائیسویں وزیراعظم منتخب کیا تھا، کپتان کوایک سو چھہتر اور ان کے مدمقابل نون لیگ کے صدر کو چھیانوے ووٹ ملے تھے۔