گلگت: وزیر اعظم عمران خان آج گلگت کا دورہ کریں گے، ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم گلگت بلتستان کابینہ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گلگت دورے کے دوران وزیر اعظم جی بی گورنر اور وزیر اعلیٰ سمیت کابینہ سے بھی ملاقات کریں گے، ذرایع کا کہنا ہے کہ دورے کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
دورے کے موقع پر چیف آرگنائزر سیف اللہ، علی امین گنڈاپور بھی وزیر اعظم کے ہم راہ ہوں گے، وزیر اعظم کے مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی امین اسلم بھی ہم راہ جائیں گے۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان انتخابات میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کو شکست دینے کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے وزیر اعلیٰ جی بی کے عہدے کے لیے خالد خورشید کو نامزد کیا گیا تھا جو دو دن قبل وزیر اعلیٰ جی بی منتخب ہو گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کا اپنے اور کابینہ کے اخراجات میں نمایاں کمی کرنے کا اعلان
وزیر اعلیٰ کے چناؤ کے عمل میں 31 اراکین اسمبلی نے حصہ لیا، خالد خورشید کو 22 اور پیپلز پارٹی کے امجد ایڈووکیٹ کو 9 اراکین کی حمایت حاصل ہوئی، جس کے بعد امجد ایڈووکیٹ اپوزیشن لیڈر منتخب ہوئے۔
منتخب ہونے کے بعد نو منتخب وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے کہا کہ آئندہ 5 سال عوام کو پی ٹی آئی کی صاف و شفاف حکومت نظر آئے گی، اپوزیشن کو دعوت دیتے ہیں کہ آئیں اور ہمارا بازو بنیں۔