دبئی: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے معاشی استحکام کا سفر جاری ہے، پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہورہاہے، معاشی ترقی کے اشاریے بہتر ہورہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوری میں مہنگائی 2.4 فیصد پر آگئی ہے، پاکستان میں اس وقت شرح سود 12 فیصد کی کم سطح پر ہے، معیشت کے اشاریے گزشتہ سال کے مقابلے زیادہ ترقی کررہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان میں مائیکرواکنامک کے شعبے میں بہتری آئی ہے، پاکستان قدرتی وسائل سےمالامال ہے،معدنیات شعبےمیں انقلابی تبدیلی چاہتےہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہماری ترسیلات زر13ارب ڈالرتک پہنچ چکی ہیں، آئی ایم ایف پروگرام کےبعدمائیکرواکنامک استحکام آیا ہے، پاکستان معدنی وسائل سے مالامال ملک ہے، کان کنی اورمعدنیات کےشعبے پرخصوصی توجہ مرکوز ہے۔
انھوں نے کہا کہ معاشی ترقی کا سفر ابھی کٹھن اور طویل ہے،انفارمیشن ٹیکنالوجی کےشعبےمیں بےپناہ صلاحیت موجودہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو آئی ٹی،اےآئی کی تربیت کے ذریعے آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیےجاسکتے ہیں، زراعت کا شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ زرعی پیداوار میں اضافے کےلیے جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا ہوگا، حکومتی اخراجات پرایک ہزار نوجوانوں کو زرعی تربیت کیلئے چین بھیجا جارہا ہے۔