اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر تمام مسلمانوں بالخصوص کشمیری عوام کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہےکہ ہم اپنی عید کشمیری عوام کی لازوال قربانیوں کےنام کرتے ہیں۔
تفصیلات کےمطابق عیدالاضحیٰ کے موقع پر قوم کے نام جاری پیغام میں وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل علیہ سلام کی تسلیم ورضا کی یادگار ہے۔
عید الاضحیٰ پر وزیراعظم نے تمام مسلمانوں اور بالخصوص کشمیری عوام کوعیدکی دلی مبارکباد پیش کی اور کہاکہ ہم اپنی عید کشمیری عوام کی لازوال قربانیوں کے نام کرتے ہیں۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ افراد کی قربانی قوم کو زندہ رکھتی ہے،یہی سبق ہے جو قربانی کے ذریعے دیا جاتا ہے،آج سوال یہ ہے کہ کیا ہم پاکستان کے لیے اپنی انااورمفاد قربان کرسکتےہیں۔
وزیراعظم نوازشریف کا مزیدکہنا تھا کہ عید کے موقع پر ہمیں پوری قوم کو وحدت کا پیغام دینا ہے،خوشی کے اس موقع پرمعاشرے کے کمزورطبقات کوفراموش نہیں کرنا،اس طرح ہمارا معاشرہ صحیح معنوں میں اسلامی معاشرہ بن جائےگا۔
عید الاضحیٰ کے موقع پر وزیر اعظم نوازشریف نے کہا کہ دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں عیدالاضحیٰ کی حقیقی خوشیوں سے ہمکنارفرمائے۔