وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے ہیں انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی گئے ہیں۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری ان کا استقبال کیا۔ یہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد شہباز شریف کا پہلا دورہ کراچی ہے۔
وزیراعظم بذریعہ ہیلی کاپٹر مزار قائد پہنچے اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی۔ انہوں نے مزار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ ان کے ہمراہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ، وفاقی وزرا محمد اورنگزیب، احسن اقبال، خالد مقبول، جام کمال ودیگر موجود تھے۔
شہباز شریف نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں سے مزار قائد پر پاکستان کی خدمت کرنے اور ملک خداداد کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کا حلف لیا۔ اس موقع پر نوجوان لڑکے اور لڑکیوں نے عہد کیا کہ پاکستان کو صحیح معنوں میں قائد کا پاکستان بنائیں گے
وزیر اعظم نے مزار قائد پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔
اپنے ایک روزہ دورہ کراچی میں وہ کاروباری برادی اور کراچی چیمبر آف کامرس کے وفود سے ملاقات بھی کریں گے اور ان سے ملکی معیشت کی بہتری کے حوالے سے تجاویز لیں گے۔
شہباز شریف گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ سے بھی ملاقاتیں کریں گے اور ان سے صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال اور انتظامی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
دریں اثنا ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ن لیگ سندھ کے رہنماوں کو ملاقات کے لیے مدعو کر لیا ہے۔ یہ ملاقات وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوگی جس میں مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بشیر میمن، رکن قومی اسمبلی کھیئل داس کوہستانی، شاہ محمد شاہ، نہال ہاشمی، علی اکبر گجر اور دیگر شامل ہوں گے۔