وزیراعظم شہباز شریف نے کویتی ہم منصب کو فون کر کے عید کی مبارک باد دی ہے اور دو طرفہ تعلقات کو عروج دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کویتی ہم منصب کو فون کیا اور انہیں عید کی مبارک باد دی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے دو طرفہ تعلقات کو مفید شراکت داری میں بدلنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پاک کویت اقتصادی اور تجارتی تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا اور اس حوالے سے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر جلد عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کویت کے عوام کی سلامتی، خوشحالی کیلیے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امت مسلمہ کے درمیان بھائی چارے، فلسطین پر جاری اسرائیلی مظالم کے خاتمے کے دعا کی۔
کویت کے وزیراعظم نے پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ مزید تعاون کے فروغ کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔