وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ حکومت کے سخت اعتراض کے بعد ظفر محمود کی بطور چیئرمین ارسا تعیناتی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز ظفر محمود کو چیئرمین ارسا تعینات کیا تھا تاہم اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کے شدید اعتراضات کے بعد وزیراعظم نے چیئرمین ارسا کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔
اس حوالے سے وفاق نے سندھ حکومت کو فیصلے متعلق آگاہ بھی کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ ظفر محمود کے چیئرمین ارسا کی تعیناتی پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شدید اعتراض کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے متنازع شخص کو چیئرمین ارسا تعینات کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ظفر محمود نے پانی تقسیم کے حوالے سے دو متنازع کتابیں لکھیں، سندھ کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہونے دیں گے اور ایسے شخص کی بطور چیئرمین ارسا تعیناتی برداشت نہیں کی جائے گی۔