لندن : برطانوی شہزادہ ہیری اور سابق امریکی صدر بارک اوباما کے درمیان ریڈیو شو میں ہونے والی نوک جھونک نے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیردیں۔
تفصیلات کے مطابق شہزادہ ہیری نے برطانوی نشریاتی ادارے کے ریڈیو شو کیلئے میزبانی کی اور مہمان سابق امریکی صدر باراک اوباما کا انٹرویو کیا۔
انٹرویو سے قبل شہزادہ ہیری اور باراک اوباما کی نوک جھونک سے ماحول خوشگوار ہو گیا برجستہ گفتگو نے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیردیں۔
گفتگو میں شہزادہ ہیری کا کہنا تھا کہ وہ نروس ہیں جس پر بارک اوباما نے خود میزبان بننے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ ‘اگر آپ چاہیں تو میں آپ کا انٹرویو لے لوں گا’۔
Here is a sneak preview of when @BarackObama met Prince Harry for the interview. Listen to the full interview on 27th December on @BBCr4today. pic.twitter.com/p5I1dUdyhx
— Kensington Palace (@KensingtonRoyal) December 17, 2017
دونوں کی گفتگو اتنی برجستہ تھی کہ اسٹوڈیو میں موجود عملہ سنجیدہ رہنےکی کوشش کے باوجود ہنسی پر قابو نہ پاسکا ۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ انٹرویو رواں برس ستمبر میں انوکٹس گیمز کے دوران کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں ریکارڈ کیا گیا ، جو رواں ماہ 27 دسمبر کو نشر کیا جائے گا۔
دوسری جانب شاہی محل کنسنگٹن پیلس نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بیان جاری کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ یہ انٹرویو سابق صدر کے دفتر میں آخری دن اور صدارت سے ہٹ کر زندگی سے متعلق منصوبوں خاص کر اوباما فاؤنڈیشن کے گرد گھومتا ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں برطانوی شہزادہ ہیری نے امریکی اداکارہ میگھن مارکلے سے منگنی کی اور دونوں اگلے برس 19 مئی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوں گے۔