قاہرہ : اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان کی مصر کے شہر اسوان میں تدفین کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان کی مصر کے شہر اسوان میں ایک نجی تقریب میں تدفین کردی گئی۔
ان کے جانشین شہزادہ رحیم آغا خان نے اہل خانہ اور معززین کے ہمراہ شرکت کی۔
مرحوم پرنس کریم الحسینی آغا خان چہارم کی تدفین ان کے دادا مولانا سلطان محمد شاہ کے مزار کے احاطے میں کی گئی ہے، مزار کے ساتھ ملحقہ اراضی پر ان کی آخری آرام گاہ کے طور پر مقبرہ بنایا جائے گا۔
یاد رہے پرنس کریم آغاخان پانچ فروری کو پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں انتقال کرگئے تھے، ان کی عمر 88 برس تھی، مولانا شاہ کریم الحسینی اسماعیلی کمیونٹی کے 49ویں امام تھے۔
بعد ازاں لزبن میں ان کی آخری رسومات ادا کی گئیں تھیں ، جس میں کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور اسپین کے بادشاہ ایمریٹس جوآن کارلوس سمیت کئی سربراہان مملکت نے شرکت کی۔