ریاض: سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا ہے کہ حوثی باغیوں کو سعودی عرب پر حملوں کا حساب دینا ہوگا۔
عرب میڈیا مطابق سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ حوثی باغی اخلاق و قانون کے دائروں سے نکل کر اپنے جرائم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ابھا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حوثیوں کا حملہ ایران کی طرف سے جارحیت میں اضافے کا ثبوت ہے۔
شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی کو نقصان پہنچانے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا بلکہ ان کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، حوثی باغیوں کے جرائم قابل معافی نہیں ہیں۔
تستمر ميليشيا الحوثي المدعومة من إيران في جرائمها الخارجة عن القانون والبعيدة عن الأخلاق والمتسقة مع سلوك داعميها، باستهداف مطار أبها الدولي والتسبب باصابة مدنيين أبرياء من جنسيات مختلفة، اسأل الله لهم الشفاء العاجل.
— Khalid bin Salman خالد بن سلمان (@kbsalsaud) June 12, 2019
سعودی نائب وزیر دفاع نے حوثیوں کے جرائم پر عالمی برادری کی خاموشی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ دنیا کو حوثیوں کے خطرناک عزائم کی روک تھام کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کرنا ہوگی۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب: حوثی باغیوں کا ائیرپورٹ پر میزائل حملہ، 26 زخمی
انہوں نے کہا کہ ایرانی رجیم 40 سال سے خطے میں فساد پھیلا رہی ہے، خطے میں موت، افرا تفری اور دہشت گردی ایرانی حکومت کی سازشوں کا نتیجہ ہے۔
شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا کہ یمن کے حوثی دہشت گردوں کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ابھا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حوثی ملیشیا نے راکٹوں سے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 26 مسافر زخمی ہوگئے تھے۔