حیدرآباد میں چھٹی جماعت کی طالبہ نے مبینہ طور پر تیسری منزل سے کود کر اپنی جان دے دی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق افسوسناک واقعہ حیدرآباد کے علاقے قاسم آباد کے نجی اسکول میں پیش آیا چھٹی جماعت کی طالبہ تیسری منزل سے چھلانگ لگائی جس کی لاش کو سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
واقعے کی فوٹیج سامنے آئی ہیں جس میں بچی کو اسکول کی تیسری منزل کی گرل پر چڑھتے دیکھا گیا جبکہ اسے کوریڈور میں موجود ایک شخص روکنے کی کوشش کررہا ہے۔
طالبہ نے اس شخص کے روکے جانے کے باوجود تیسری منزل سے چھلانگ لگادی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبہ کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ہے اور میت تدفین کے لیے سانگھڑ روانہ کردی گئی ہے۔
لڑکی کے رشتہ دار مختیار ناریجو کا کہنا ہے کہ لڑکی کا گھرانہ خوشحال ہے کوئی تنازع نہیں تھا پولیس کو تحقیقات کرنی چاہیے کہ بچی نے انتہائی قدم کیوں اٹھایا۔
دوسری جانب وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ نے اسکول میں بچی کی ہلاکت کا نوٹس لے لیا جبکہ ایڈیشنل ڈائریکٹر پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز نے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔