کراچی: پرائیویٹ اسکولوں کی جانب سے اضافی فیسوں کی وصولی کے معاملے پر ڈائیریکٹریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز نے دو مزید نجی اسکولوں کی رجسٹریشن معطل کردی۔
تفصیلات کے مطابق ڈائیریکٹریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز نے کراچی میں دو اسکولوں کی رجسٹریشن معطل کی ہے جن میں فاؤنڈیشن اسکول اور ہیڈ اسٹار اسکول شامل ہیں۔
زائد فیسوں کی واپسی تک رجسٹریشن معطل رہے گی، عدالتی احکامات کے بعد بیکن ہاؤس اورسٹی اسکولز کی رجسٹریشن پہلے ہی معطل کی جا چکی ہے۔
ڈائیریکٹریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنزکی انسپکشن کی ٹیمیں اسکولوں کا دورہ کر رہی ہیں، دی اسمارٹ اسکول نے فیس واپسی کے لیے ڈائیریکٹریٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
عدالت نے پرائیویٹ اسکولوں کو پانچ فیصد سے زائد فیسوں میں اضافے سے روک دیا تھا۔
کراچی کے 2 بڑے نجی اسکولز کی تمام برانچز کی رجسٹریشن معطل
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں محکمہ تعلیم نے کراچی کے دو پرائیویٹ اسکولزسسٹم کے 115 کے قریب اسکولوں کی رجسٹریشن معطل کی تھی۔
یاد رہے گذشتہ ہفتے اسکول فیس میں پانچ فیصد سے زائد اضافے کے معاملے پر سندھ ہائی کورٹ نے ڈی جی پرائیویٹ اسکولز سمیت 4 اسکولوں کوتوہین عدالت کے نوٹس جاری کئے تھے جبکہ عدالت نے تمام اسکولوں کو حکم نامے پر مکمل عمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے سندھ حکومت سےفیس اسٹرکچر کاریکارڈ بھی مانگ لیا تھا۔
واضح رہے کہ 3 ستمبرکو سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا تھا کہ نجی اسکولوں کو 5 فیصد سے زیادہ فیس بڑھانے کا اختیارنہیں ہے۔ عدالت نے نجی اسکولوں کو 5 فیصد سے زائد فیس وصولی سے روک دیا تھا۔