سوات : خیبر پختونخواہ میں حکومتی احکامات کے باوجود کورونا وائرس کے باعث 5 ماہ سے بند نجی تعلیمی ادارے کھل گئے، انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے اسکول بند کرادیے اور 4 پرنسپلز کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ کے ضلع سوات میں حکومتی احکامات کو اسکول مالکان نے ہوا میں اڑادیا، نجی اسکولوں کی انتظامیہ نے کورونا کے باعث 5ماہ سے بند تعلیمی ادارے کھول دیئے تاہم حاضری انتہائی کم ہے اور والدین اپنے بچوں کو اسکول چھوڑ رہے ہیں۔
مینگورہ میں اسکولوں کو بند کرنے کیلئے انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد اسکولوں کو بند کرادیا گیا اور 4 پرنسپلز کو گرفتار کرلیا۔
گذشتہ ہفتے کے پی کی صوبائی کابینہ نے 15 ستمبر سے اسکول کھولنے سے متعلق این سی او سی کے فیصلوں کی تائید کی تھی۔
یاد رےہے آل پاکستان پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کی جانب سے کہا گیا تھا کہ حکومت کی جانب سے عائد کردہ پابندیوں کو نہیں مانتے، 15 اگست سے ہر صورت تعلیمی ادارے کھول دیے جائیں گے، حکومت اگر گرفتاریاں کرنا چاہتی ہے تو کر لے، لیکن نجی تعلیمی ادارے کھول کر رہیں گے
خیال رہے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ملک بھر میں 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے ایس او پیز تیار کرنے کی ہدایت کی اور کہا تھا کہ صحت کے معاملات ٹھیک نہ ہوئے تو تعلیمی ادارے نہیں کھولیں گے۔