اسلام آباد : وفاقی وزیر نجکاری کی سربراہی میں نجکاری کمیشن نے اسٹیل ملز کی نجکاری کےلیے لین دین کے ڈھانچے کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیل ملز کی نجکاری کے حوالے وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو کی سربراہی میں اسٹیل ملز بورڈ نے دو آپشنز کا جائزہ لیا، بورڈ کی جانب سے ملک کے سب سے بڑے صنعتی یونٹ کا ماتحت ادارہ بناکر حصص فروخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسٹیل ملز حکام کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں کو حصص فروخت کرنے کےلیے مکمل ملکیتی ادارہ تشکیل دینا ہوگا۔
نجکاری کمیشن کا کہنا ہے کہ جو نیا ماتحت ادارہ بنایا جائے گا اس کے 51 سے 75 فیصد حصص کی سرمایہ کاروں کو پیشکش کی جاسکتی ہے تاہم فیصلہ کمیٹی کرے گی۔
کمیشن نے فیصلہ کیا کہ اسٹیل مینوفیکچرنگ کے واحد مقصد کے لئے پاکستان اسٹیل ملز حکام ماتحت ادارے کے ساتھ لینڈ لیز معاہدے پر دستخط کرینگے۔
فیصلے کے مطابق ادارہ کو چلانے کے خصوصی حقوق اور رائٹ آف وے کو نئے ماتحت ادارہ میں منتقل کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 2015 میں اسٹیل ملز کو بند کردیا گیا تھا تاہم اسٹیل کی بندش کے باوجود ملازمین کو وفاق کی جانب سے 33 ارب روپے کی ادائیگی کی گئی ہے۔