اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اداروں کی نجکاری کا مقصد معاشی خسارے میں کمی لانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں مشیر تجارت رزاق داؤد، سیکریٹری صنعت ڈویژن اور سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزارت صنعت کے زیر انتظام اداروں کی استعداد کار بڑھانے پر بریفنگ دی گئی وزیراعظم کو بتایا گیا کہ 38 میں سے 13 اداروں کی نجکاری کا عمل جاری ہے، 10 کا انضمام، 5 متعلقہ ڈویژنز کو منتقلی کے بعد وزارت کے پاس 9 ادارے رہ جائیں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سرکاری اداروں کی نجکاری قومی مفادمیں ہے، اداروں کی نجکاری کا مقصد معاشی خسارے میں کمی لانا ہے،نجکاری سے اداروں کی استعدادکار اور کارکردگی میں بہتری آئےگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ کاروباری طبقے اور چینج مینجمنٹ کے ماہرین سے بھی مشاورت کی جائے، صنعت ڈویژن کابینہ سے منظور شدہ اداروں کی نجکاری کا عمل تیز کرے، مقرر شدہ میعاد میں یہ عمل مکمل کرنا یقینی بنایا جا سکے۔
ملک میں کہیں بھی ذخیرہ اندوزی نہ ہونے دی جائے: وزیر اعظم کی ہدایت
اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں کہیں بھی ذخیرہ اندوزی نہ ہونے دی جائے، یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیائے ضروریہ وافر مقدار میں مہیا کی جائیں۔