کراچی : پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ حکومت نے آرڈیننس جاری کرکے ثابت کردیا ہے کہ پی آئی اے کا سودا کردیا گیا ہے۔
یہ بات سلیم مانڈوی والا ، قمر زمان کائرہ، فرحت اللہ بابر اور نفیسہ شاہ نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہی ، انہوں نے کہا کہ اُن کی پارٹی پی آئی اے کے حوالے سے نئے آرڈیننس کو رد کرتی ہے۔
اس موقع پر سلیم مانڈی والا نے کہا کہ حکومت نے پی آئی اے اتحاد ائیر لائن کو فروخت کرنے کا معاہدہ گزشتہ سال ہی کرلیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت پی آئی اے کے 60 بین الاقوامی اور 17 مقامی روٹس پہلے ہی اتحاد ائیر لائن کے حوالے کردیئے گئے ہیں اور اسی وجہ سے پی آئی اے کا خسارہ بڑھ گیا ہے۔
فرحت اللہ بابر نے کہا کہ پی آئی اے کے نقصانات کی وجہ زائد ملازمین نہیں کیونکہ پی آئی اے کے اخراجات کا صرف 16 فیصد تنخواہوں پر خرچ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں اپوزیشن کی اکثریت ہے اور وہاں اس آرڈیننس کی بھرپور مخالفت کی جائے گی۔ قمر زمان کائرہ نے کہا پی پی پی نے اپنے دورے حکومت میں زائد بھرتیاں نہیں صرف کنٹریکٹ پر رکھے گئے ملازمین کو مستقل کیا تھا۔
نفیسہ شاہ نے کہا کہ پی آئی اے اسٹراٹیجک اثاثہ ہے اس لئے اس کی نجکاری نہیں ہونی چاہیئے۔ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ حکومت نے چالیس ارب روہے کے جو اضافی ٹیکس لگائے ہیں وہ صرف امیروں پر نہیں بلکہ عام افراد کے استعمال کی چیزوں پر بھی لگائے گئے ہیں۔
انہوں نے جھاڑو اور بلیڈ وغیرہ روز مرہ کی استعمال کی چیزیں ہیں لیکن ان پر بھی ٹیکس لگایا گیا ہے۔