ممبئی: عالمی شہرت یافتہ بالی وڈ اداکارہ پرینکا چوپڑا کے آئندہ ریلیز ہونے والی فلم ’ڈان 3‘ کا حصہ بننے سے متعلق خبروں زیرِ گردش ہیں۔
فلمساز فرحان اختر نے حال ہی میں ڈان فرنچائز کی تیسری قسط کی ریلیز کا اعلان کیا۔ اس سے قبل دونوں فلموں میں شاہ رخ خان اور پرینکا چوپڑا نے مرکزی کردار نبھایا تھا، تاہم اس بار شاہ رخ خان کی جگہ رنویر سنگھ نظر آئیں گے۔
’ڈان 3‘ کے اعلان کے ساتھ ہی یہ بحث چھڑ گئی تھی کہ رنویر سنگھ کے ساتھ کون سی اداکارہ ہوں گی؟ شروع میں کیارا اڈوانی یا کریتی سینن کا نام سامنے آیا تھا، لیکن اب پرینکا چوپڑا مضبوط امیدوار نظر آ رہی ہیں۔
بھارتی میڈیا نے ذرائع کا حوالہ دے کر بتایا کہ فرحان اختر نے پرینکا چوپڑا کو فائنل کیا ہے تاہم ابھی اس کا باضابطہ اعلان ہونا باقی ہے۔
فرحان اختر کی فلم ’جی لے زرا‘ میں پرینکا چوپڑا کترینہ کیف اور عالیہ بھٹ کے ساتھ بھی نظر آئیں گی۔ فی الحال مرد اداکار کی تلاش کی وجہ سے پروجیکٹ کو ملتوی کر دیا گیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ پرینکا چوپڑا کو ’ڈان 3‘ میں شامل کرنے کی راہ ہموار ہوئی۔
پرینکا چوپڑا نے اس سے قبل دونوں فلموں میں شاہ رخ خان کے ساتھ کردار نبھایا تھا اور جوڑی کو مداحوں کی جانب سے کافی پسند کیا گیا تھا۔ شاہ رخ خان کی جگہ رنویر سنگھ کی سمولیت پر مداح اب بھی مایوس ہیں۔