لاس اینجلس : بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پریانکا چوپڑا نے کہا ہے کہ وہ ہالی ووڈ کی فلموں میں سائیڈ رول کے بجائے مرکزی کردار ادا کرنے کو ترجیح دیں گی۔
یہ بات انہوں نے ایک امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی جس میں انہوں نے ہالی ووڈ کیریئر میں سائیڈ کرداروں اور دقیانوسی کرداروں سے دور رہنے کے بارے میں گفتگو کی۔
2015میں امریکی ٹی وی سیریز ‘کوانٹیکو’ میں مرکزی کردار ادا کرنے کے بعد سے پریانکا چوپڑا کے ہالی ووڈ کے سفر میں نمایاں پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے۔
اپنے انٹرویو میں پریانکا نے ایسے کردار ادا کرنے پر زور دیا جو سائیڈ کِک آرکیٹائپ سے بالاتر ہوں اور کہا کہ وہ اپنے ثقافتی پس منظر کی بنیاد پر ٹائپ کاسٹنگ سے گریز کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی توجہ ایسے پروجیکٹس کو منتخب کرنے پر مرکوز رہتی ہے جو بطور اداکارہ ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرے۔
اداکارہ نے ہالی ووڈ کے دیگر فنکاروں جیسے سیمون ایشلے، مینڈی کالنگ، اور بالی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون کا بھی نام لیا جنہوں نے اسکرین پر جنوبی ایشیائی فنکاروں کے بارے میں سوچنے کے انداز کو بدل دیا ہے۔
کامیابیوں کا نیا معیار بننے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے پریانکا چوپڑا کو امید ہے کہ ان کی کوششیں انڈسٹری میں مثبت تبدیلی کی راہ ہموار کریں گی، جس سے اداکاروں کی آنے والی نسلوں کو فائدہ پہنچے گا۔