جمعرات, جنوری 2, 2025
اشتہار

اسرائیلی مظالم کے خلاف لندن میں بڑا مظاہرہ، 8 لاکھ افراد شریک، مارچ سبوتاژ کرنے کی شرپسندوں کی کوشش ناکام

اشتہار

حیرت انگیز

لندن: برطانوی تاریخ میں سب سے بڑے فلسطینی مارچ نے دنیا کو حیران کر دیا، لندن میں لاکھوں افراد نے پرامن طور پر غزہ میں صہیونی بربریت کے خلاف احتجاج کیا اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی مظالم کے خلاف لندن میں بڑا مظاہرہ کیا گیا، جس میں ایک اندازے کے مطابق 8 لاکھ افراد شریک ہوئے، مختلف ذرائع کا کہنا تھا کہ شرکا کی تعداد ایک ملین کے قریب تھی۔

مظاہرین نے فلسطینی پرچم اٹھائے اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے، خواتین اوربچوں کے علاوہ وہیل چیئر پر بزرگوں نے بھی مارچ میں شرکت کی، بتایا جا رہا ہے کہ 2003 کے بعد سے یہ برطانیہ کا سب سے بڑا احتجاجی مارچ تھا۔

- Advertisement -

برطانوی وزیر اعظم رشی سونک کے منع کرنے کے باوجود پولیس کمشنر نے مظاہرے کی اجازت دی، فلسطین مخالف افراد نے مارچ میں آ کر بد نظمی اور نفرت پھیلانے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے مظاہرے کے خلاف احتجاج کرنے والے 100 افراد کو گرفتار کر لیا۔ بعد ازاں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرہ پرامن طور پر اختتام پذیر ہوا۔

ادھر برسلز کی سڑکوں پر بھی ہزاروں افراد نکل آئے، اور نیتن یاہو کی گرفتاری اور فلسطین کو آزادی دینے کا مطالبہ کیا، جنوبی افریقہ میں بھی اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج کیا گیا، کیپ ٹاؤن کے سڑکوں پر بڑا مظاہرہ کیا گیا، ریلی میں فلسطینی جھنڈوں کی بہار دکھائی دی، مظاہرین فلسطین کی آزادی اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے رہے۔

پیرس میں بھی ہزاروں شہری اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف سڑکوں پر نکلے، اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا، اور عالمی قوتوں سے فلسطینیوں کی نسل کشی بند کرانے کا مطالبہ کیا گیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں