اسلام آباد : انسداداسمگلنگ آرڈیننس پرعمل درآمدکاطریقہ کارطےکرلیاگیا، انسداداسمگلنگ کیلئے اختیارات خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں ایف سی کو جبکہ سندھ اورپنجاب میں پاکستان رینجرز کو دیئے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت قانون کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انسداداسمگلنگ آرڈیننس پرعمل درآمدکاطریقہ کارطےکرلیاگیا ہے، طریقہ کاروزارت قانون اور ایف بی آر نےطے کیا۔
ترجمان کے مطابق خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انسداداسمگلنگ کیلئے اختیارات ایف سی کوسونپےجائیں گے جبکہ پاکستان رینجرزکوسندھ اورپنجاب میں انسداد اسمگلنگ کی ذمہ داری سونپی جائے گی ۔
وزارت قانون کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز کو بھی انسداداسمگلنگ کے اختیارات دینے کا فیصلہ کیا ہے، آرڈیننس پرعمل درآمد کا نوٹیفیکیشن 4 مئی کو جاری ہوگا اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر دو ہفتے میں ایف بی آر کوتفصیلات دیں گے۔
وزارت قانون نے انسداد اسمگلنگ کیلئے آرڈیننس کامسودہ تیار کیا تھا ، مسودے کے مطابق اَن ڈکلیئرڈ روٹس سے ڈالرز، گندم ، چینی اور چال کی ترسیل اسمگلنگ قرار دے دی گئی جبکہ سینی ٹائزر، ماسکس سمیت ضرورت کی اشیا کی ترسیل بھی اسمگلنگ کے زمرے میں آئے گی۔
اسمگلنگ کرنے والے کو چودہ سال قید، سامان ضبط اور پچاس فیصد جرمانہ ہو گا، وزارت قانون کا کہنا تھا کہ کسٹمزایکٹ کے تحت ڈکلئیرڈ روٹ سے ہی ترسیل جائزہو گی، کسٹم حکام نے شکایت کےباوجود ایکشن نہ لیا تو سیکریٹری قانون کارروائی کریں گے۔