کراچی: مشہور ماہرامراض اطفال پروفیسر صلاح الدین شیخ کرونا انفیکشن کے باعث انتقال کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے باعث ایک اور ڈاکٹر کی جان چلی گئی، معروف پیڈیاٹریشن پروفیسر صلاح الدین شیخ انتقال کر گئے۔
پروفیسر صلاح الدین آغا خان اسپتال سے وابستہ تھے، مرحوم شعبہ پیڈیاٹرکس میں خدمات انجام دے رہے تھے، اور گزشتہ چند روز سے کووِڈ نائٹین کے باعث زیر علاج تھے، تاہم کرونا انفیکشن سے جاں بر نہ ہو سکے۔
سربراہ سندھ انسٹی ٹیویٹ آف چائلڈ ہیلتھ ڈاکٹر جمال رضا کے مطابق پروفیسر صلاح الدین کا شمار پاکستان کے سینئر ماہر امراض اطفال میں ہوتا تھا۔
کرونا کے وار، صورت حال خطرناک ہونے لگی
واضح رہے کہ ملک بھر میں کرونا کیسز کی مثبت شرح ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے اور صورت حال ایک بار پھر خطرناک ہونے لگی ہے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 4 ہزار 27 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، جس سے ملک میں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد 13 لاکھ 20 ہزار 120 ہو گئی۔
کراچی شہر میں بھی ایک طرف کرونا مثبت شرح بلند ترین ہے، تاہم دوسری طرف ویکسینیشن کے حوالے سے شہریوں کی عدم دلچسپی برقرار نظر آتی ہے، میگا سینٹر سمیت متعدد مراکز میں گنتی کے شہریوں کی آمد دیکھی گئی، ایس او پیز پر بھی عمل درآمد نہیں ہو رہا ہے۔
ویکیسنیشن مراکز پر عملہ موجود ہے لیکن شہری نظر نہیں آتے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی اپیل کے باوجود شہریوں کی عدم دل چسپی برقرار ہے، خالق دینا ہال، ایکسپو، جناح اسپتال، ڈاؤ یونیورسٹی سمیت متعدد مراکز پر شہریوں کا رش نہ ہونے کے برابر ہے، اور شہر کی بڑی آبادی تاحال ویکسینیشن سے نہیں کرا سکی ہے۔