سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور صدر پاکستان تحریک انصاف پرویز الٰہی کے خلاف گجرات میں ترقیاتی منصوبوں میں مالی بے ضابطگیوں کے کیس میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے۔
نیب ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ نیب لاہور نے پرویز الٰہی سے ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن پر جواب مانگ لیا ہے، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے 23-2022 میں گجرات ڈویژن میں اربوں روپے کے ترقیاتی کاموں کی منظوری دی۔
ذرائع کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کی منظوری اور ٹھیکوں میں بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا، پرویز الٰہی نے 23 ارب 42 کروڑ روپے سے زائد کے ترقیاتی منصوبوں میں گھپلے کیے، بے ضابطگیوں میں ان کے صاحبزادے مونس الٰہی کے پرسنل سیکرٹری سہیل اعوان بھی ملوث ہیں۔
نیب نے کہا کہ سہیل اعوان نے پرویز الٰہی کیلیے رشوت اور کک بیکس وصول کیں۔ نیب نے چھ جولائی کو جیل سپرٹنڈنٹ کے ذریعے جواب جمع کروانے کا نوٹس دے دیا۔
دوسری جانب آج لاہور کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پولیس سے لڑائی جھگڑا اور کارِ سرکار میں مداخلت کے مقدمے میں پرویز الٰہی کی درخواست ضمانت مسترد کی۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے پی ٹی آئی صدر کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ پرویز الٰہی کی گرفتاری نہیں ڈالی گئی اس لیے مقدمے کا ریکارڈ پیش نہیں کیا جا سکتا۔
تفتیشی افسر کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی درخواست ضمانت قبل ازوقت ہے لہٰذا مسترد کی جاٸے۔ عدالت نے پولیس کے اعتراض پر درخواست ضمانت کے ناقابل سماعت ہونے پر اسے خارج کر دیا۔
پرویز الٰہی کے خلاف لاہور کے تھانہ غالب مارکیٹ میں مقدمہ درج ہے جس کے مطابق ان کے گھر چھاپے کے موقع پر پولیس پر حملہ کیا گیا تھا اور قانونی کاررواٸی سے روکا گیا تھا۔