اسلام آباد : پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے درخواست گزار اکبر ایس بابر نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان استعفی ٰدے کر پی ٹی آئی نظریاتی کارکنوں کے حوالے کریں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے درخواست گزار اکبر ایس بابر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے 8 سال کی جدوجہد کے بعد سرخرو کیا، مقابلہ سچائی کا طاقت کے ساتھ تھا جس میں سرخرو ہوئے.
اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ اس کیس میں کوئی ذاتی مفاد نہیں تھا، پاکستان کی سیاست میں بنیادی تبدیلی کی ضرورت تھی، الیکشن کمیشن سے کہتا تھا پاکستان کے اداروں سے انصاف لے کر دکھاؤں گا۔
درخواست گزار نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے میرے الزامات کی تصدیق کی، پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس خفیہ رکھنے کی تصدیق ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نےتصدیق کی پی ٹی آئی نےبڑےپیمانےپرغلط بیانی کی اور بتایا کہ عمران خان نےجوسرٹیفکیٹ جمع کرائےسب جھوٹےتھے، تمام سرٹیفکیٹ پرعمران خان کے دستخط ہیں۔
اکبر ایس بابر نے مزید کہا کہ آج کا فیصلہ فاشزم کو روکنے کیلئے بہت بڑا فیصلہ ہے، جومرضی فاشسٹ حربےاستعمال کریں آئینی ادارے متزلزل نہیں ہوں گے۔
ممنوعہ فنڈنگ کیس کے درخواست گزار کا کہنا تھا کہ فاشزم کے سامنے الیکشن کمیشن کے فیصلے نے بند باندھا ہے ، آئینی ادارے ثبوت کی بنیاد پر فیصلہ دیں گے، آج کے فیصلے نے نظریہ ضرورت کو دفن کر دیا۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ورکروں کےلیےآنکھیں کھولنے کا مقام ہے، آزاد الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی پر فرد جرم عائد کر دی ہے۔
اکبر ایس بابر نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ پی ٹی آئی میں رجیم چینج ہو، مطالبہ کرتا ہوں عمران خان استعفی ٰدیں ، پی ٹی آئی کو نظریاتی کارکنوں کے حوالے کیا جائے ، سپریم کورٹ سے بھی اس کا حتمی فیصلہ آجائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نےایک رول ماڈل بننا تھا،تمام سیاسی جماعتوں کواس عمل سےگزرناچاہیے، الیکشن کمیشن بھی دوسری جماعتوں کافیصلہ کرےگا،اکبرایس بابر
درخواست گزار نے کہا کہ فیصلے میں لکھا ہے کہ پی ٹی آئی نےغلط انفارمیشن دی ہے، میرے الزامات الیکشن کمیشن نے تسلیم کیےکہ غلط دستاویزجمع کرائے گئے، ن لیگ کےحوالے سے مجھ پرالزامات نئےنہیں ہیں، 2016 میں ن لیگ کے وزیرداخلہ کو 2 خط لکھے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک جنگ ہے جس کو ہم نے جیتناہے، گلی گلی جا کرعمران خان کوچیلنج کریں گے، میں نے پارٹی بڑے مقصد کے لیے بنائی تھی، پارٹی کوصاف کریں گے،ایک بڑااجلاس بھی بلائیں گے۔