اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کی خوشحالی زرعی شعبے اور کسان کی خوشحالی سے وابستہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ٹیوب ویلز پر سبسڈی فراہم کرنے کی تجویز سے متعلق اجلاس ہوا جس میں زرعی شعبے کے فروغ اور چھوٹے کاشت کاروں کو ریلیف دینے سمیت ٹیوب ویلز پر بجلی کے نرخوں پر سبسڈی دینے کی تجویز پر مشاورت کی گئی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مشاورت میں صوبوں کو شامل کر کے حکمت عملی مرتب کی جائے،زرعی شعبے کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی خوشحالی زرعی شعبے اور کسان کی خوشحالی سے وابستہ ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت فصلوں کی پیداوار میں اضافے کے لیے جدید زرعی ٹیکنالوجی درآمد کرنے کے لیے چین کے ساتھ شراکت داری قائم کر رہی ہے
وزیراعظم پاکستان نے وفاقی وزیر فوڈ اینڈ سیکیورٹی فخر امام کو ترجیحی بنیادوں پر کسانوں کے مسائل حل کرنے کی بھی ہدایت کی تھی۔