اسلام آباد: پاناما کیس کا تاریخ ساز فیصلہ آنے کے بعد سابق وزیر اعظم نواز شریف نااہل ہوئے تو مسلم لیگ ن کے کارکنان نے ملک بھر میں احتجاج شروع کردیا۔ مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی نا اہلی کے بعد ن لیگی کارکنان آپے سے باہر ہو گئے اور عدالتی فیصلے کا احترام کرنے کے بجائے مختلف شہروں میں احتجاج شروع کردیا۔
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں لیگی کارکنان نواز شریف کی تصاویر اٹھائے سڑکوں پر نکل آئے اور نواز شریف کے حق میں نعرے لگائے۔
!مزید پڑھیں: پکی گوٹ پٹ گئی
ملتان میں بھی ن لیگی کارکنوں کی احتجاجی ریلیاں نکل آئیں۔ سیاہ جھنڈے اٹھائے اور بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھے کارکنوں نے نواز شریف کے حق میں نعرے لگائے۔
فیروز والا میں بھی سینکڑوں لیگی کارکنوں نے احتجاج جس میں خواتین کارکنان بھی شامل تھیں۔ احتجاج کے باعث اطراف کی سڑکوں پر شدید ٹریفک جام ہوگیا۔
لیگی متوالوں نے گوجرانوالہ میں بھی جلاؤ گھیراؤ کیا۔ جناح روڈ پر احتجاج کرتے مشتعل مظاہرین نے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی۔