کراچی : شہر قائد میں بانی ایم کیوایم کیخلاف شہری سڑکوں پرنکل آئے۔ مظاہرین نے بانی ایم کیوایم کےخلاف”غدارہےغدار ہے”کے نعرےلگائے، ،اہلیان کراچی کا کہنا ہے کہ خواتین پرحملےکےواقعات میں بھی بانی ایم کیوایم ملوث ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن دوتلوار پر بانی ایم کیوایم کیخلاف اہلیان کراچی کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے بانی ایم کیوایم کے خلاف”غدارہےغدار ہے”کے جبکہ پاک فوج کے حق میں نعرےلگائے۔
مظاہرین نے برطانوی سفارتخانے کی جانب مارچ کرنے کی کوشش کی ، جیسے روکنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری دو تلوار اور اطراف میں تعینات کردی گئی تھی۔
احتجاج کے دوران خواتین کا کہنا تھا کہ خواتین پر حملے کے واقعات میں بھی بانی ایم کیوایم ملوث ہے، خواتین پر حملےکرکےکراچی میں دہشتگردی پھیلانا چاہتے ہیں۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت برطانیہ سے باضابطہ رابطہ کرکے بانی ایم کیو ایم کو پاکستان واپس لائے اور قوانین کے مطابق سزا دی جائے۔
مزید پڑھیں : خواتین پرحملے : ملزم کی عدم گرفتاری پرایم کیو ایم پاکستان سراپا احتجاج
یاد رہے چند روز قبل ایم کیوایم پاکستان نے خواتین پر چھری سے حملہ کرنے والے ملزم کی عدم گرفتاری کے خلاف اورخواتین سے اظہار یکجہتی کے لئے جوہر موڑ پر احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ملزم کو چوبیس گھنٹوں کے اندر گرفتار کیا جائے۔
واضح رہے کہ خواتین پر چاقو سے حملہ کرنے والے مرکزی ملزم کی گرفتاری کے باوجود شہرمیں لڑکیاں غیرمحفوظ ہیں اور خواتین پر تیز دھار آلے کے وارجاری ہے۔
خیال رہے کہ گلستان جوہر میں خواتین پر تیز دھار آلے سے حملے کرنے کے واقعات 25 ستمبر سے شروع ہوئے تھے اور اب تک 15 خواتین کو حملوں میں زخمی کیا جاچکا ہے، جن میں سے بیشتر کے جسم پر ٹانکے آئے ہیں جبکہ چھرا مار ملزم کے شبے میں 15 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے ، جنہیں تفتیش کے بعد رہا کردیا گیا تھا۔