کراچی: کے الیکٹرک نے گیس پریشر میں کمی کی آڑ میں شدید گرمی میں بد ترین لوڈ شیڈنگ شروع کر دی، ایس ایس جی سی نے کے الیکٹرک کا دعویٰ مسترد کر دیا، دوسری طرف پریشان شہریوں نے احتجاج شروع کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں کے الیکٹرک نے شہر بھر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بڑھا دی ہے، کئی علاقوں میں 8 سے 15 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی کہیں دن میں ایک، ایک گھنٹہ اور کہیں تین گھنٹے بجلی کی بندش جاری ہے۔
کے الیکٹرک اور ایس ایس جی سی گیس پریشر کا تنازع ایک بار پھر کھڑا ہو گیا، تاہم شہریوں کی پریشانی بے رحمی سے نظر انداز کی جا رہی ہے، ایس ایس جی سی نے کے الیکٹرک کا دعویٰ مسترد کر دیا، اور فل پریشر پر گیس فراہمی کا شیڈول بھی جاری کر دیا۔
ادھر سخت گرمی میں لوڈ شیڈنگ کے ستائے شہریوں کا پارہ چڑھ گیا ہے، لانڈھی کے مکینوں نے دوسرے دن بھی لوڈ شیڈنگ کے خلاف شدید احتجاج کیا، مکینوں نے کے الیکٹرک کے دفتر کے باہر احتجاج کرتے ہوئے توڑ پھوڑ کی، مشتعل افراد نے پارکنگ میں کھڑی کئی موٹر سائیکلوں کو جزوی نقصان پہنچایا، تاہم پولیس نے پہنچ کر صورت حال کنٹرول کر کے مشتعل مظاہرین کو منشتر کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: کے الیکٹرک کو طلب سے زیادہ گیس فراہم کر رہے ہیں: ایس ایس جی سی
دوسری طرف کے الیکٹرک کی جانب سے ملیر، کلفٹن، ڈیفنس، شاہ فیصل اور مضافاتی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ ساڑھے 3 گھنٹے کر دیا ہے، سائٹ، میٹروول، سرجانی، نارتھ کراچی، گلستان جوہر، کریم آباد، گلبرگ، پی ای سی ایچ ایس، بفر زون، شادمان ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد، گلشن اقبال، لیاقت آباد، صدر اور ملحقہ علاقے بھی بد ترین لوڈ شیڈنگ کی لپیٹ میں لائے جا چکے ہیں۔
لوڈ شیڈنگ کی خبریں آتے ہی کے الیکٹرک نے بے بنیاد دعوے شروع کر دیے، تاہم کے الیکٹرک پلانٹس کی ڈیمانڈ سپلائی بتانے میں نا کام ہو گئی ہے۔
ادھر وایو طوفان کے اثرات بڑھ گئے ہیں، شہر قائد میں آج بھی گرمی کا راج رہا، طوفان کے باعث سمندری ہوائیں جنوب مشرق کی جانب بڑھ گئیں، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویو کی وجہ نمی کا تناسب بڑھنا اور سمندری ہوائیں بند ہونا ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ کراچی کا درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ رہا لیکن 50 ڈگری سینٹی گریڈ محسوس کیا گیا، 3 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، نمی کا تناسب 39 فی صد ہے، 15جون تک شہر قائد میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔