مانچسٹر : برطانیہ میں ایک بار پھر ڈیجیٹل مہم کے ذریعے کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کو اجاگر کیا گیا ہے، جس کے ذریعے ہزاروں شہریوں تک کشمیر کی آزادی کا مطالبہ پہنچایا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اولڈ ٹریفرڈ فٹبال اسٹیڈیم کے باہر مانچسٹر یونائیٹڈ اور ڈربی کے مابین ہونے والے میچ کے موقع پر کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کے لئے ڈیجٹیل تشہیری مہم کا اہتمام کیا گیا۔
متنظمین کی جانب سے گاڑیوں پر ڈیجیٹل اسکرین نصب کی گئیں جن پر بھارتی فوج کے مظالم کا شکار ہونے والے کشمیری بچوں کی تصاویر آویزاں کیں اور اُن پر کشمیر کی آزادی کے نعرے درج کیے۔
تشہیری مہم والی گاڑیاں اسٹیڈیم کے مختلف دروازوں کے باہر کھڑی کی گئیں۔
اس میچ کو دیکھنے کے لیے ہزاروں تماشائی اسٹیڈیم میں آئے جنہوں نے ان گاڑیوں پر آویزاں مظلوم کشمیری بچوں، نوجوانوں اور بوڑھوں کی تصاویر دیکھیں اور افسوس کا اظہار بھی کیا۔