اے آر وائی نیوز کی جبری بندش کیخلاف چینل کے کارکنوں سمیت صحافیوں نے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
پاکستان کے مقبول ترین نیوز چینل اے آر وائی کی 15 روز سے جبری بندش اور عدالت کے واضح احکامات کے باوجود چینل کی نشریات کیبل پر بحال نہ ہونے کے خلاف چینل کے کارکنوں اور صحافیون کی بڑی تعداد نے بدھ کے روز بھی کراچی میں پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور چینل کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا۔
اے آروائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر
مظاہرین نے پلے کارڈز کے ساتھ سیاہ پرچم بھی اٹھا رکھے تھے اور نعرے لگا رہے تھے۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیمرا نے 15 روز سے ملک کے سب سے مقبول ترین چینل اے آر وائی نیوز کو کیبل پر بند کر رکھا ہے، سندھ ہائیکورٹ متعدد بار چینل کی نشریات بحال کرنے کے واضح احکامات دے چکی ہے لیکن حکام کے کانوں پر جوں نہیں رینگ رہی۔
انہوں نے کہا کہ اے آر وائی نے ہمیشہ حق اور سچ کا پرچار کیا ہے مظلوموں کی آواز بنتا ہے چینل کو بند کرکے نہ صرف ملک مظلوموں کی آواز کا گلا گھونٹ دیا گیا ہے بلکہ چینل سے وابستہ ساڑھے چار ہزار سے زائد افراد کے روزگار کو بھی تالا لگا دیا گیا ہے۔
مقررین نے مطالبہ کیا کہ عدالت کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے اے آر وائی نیوز کو ملک بھر میں کیبل پر فوری طور پر بحال کیا جائے جب تک نشریات بحال نہیں ہوں گی احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: عدالتی حکم کے باوجود اے آر وائی نیوز کی بندش : ‘چیئرمین پیمرا کے وارنٹ جاری کئے جائیں’
واضح رہے کہ اے آر وائی نیوز کی بندش کے خلاف صحافتی تنظیم پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ سمیت کئی تنظیموں کی جانب سے مسلسل احتجاج جاری ہے۔