لاہور: لاہور کے ساتھ اب ملتان،فیصل آباد اور پشاور کی نرسیں بھی اپنے مطالبات کے حق شہر کی اہم شاہراہوں پراحتجاج کر رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سے شروع ہونے والی احتجاجی تحریک ملک گیر تحریک بنتی جا رہی ہے، لاہور کے بعد اب ملتان،فیصل آباد اور خیبر پختونخواہ میں پشاور کی نرسیں بھی اپنے مطالبات کے حق میں شہر کی اہم شہروں پر احتجاج کر رہی ہیں۔
ملتان اور فیصل آباد کی نرسوں نے احتجاج کے دوران واضع کیا کہ اگر ان کے مطابات نہ مانے گئے تو وہ لاہور نرسنگ ایسوسی ایشن کے ہمراہ پنجاب اسمبلی کا گھیراؤ کریں گی،یاد رہے اس سے قبل نشتر ہسپتال کی نرسیں بھی ملتان میں احتجاج کرتی رہی ہیں۔
دوسری جانب پشاور میں بھی آج نرسیں اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے دن بھر احتجاج کرتی رہیں،نرسوں نے شہر کی اہم شاہراہ پر جلوس نکالا،اور خیبر پختواہ اسمبلی کے سامنے دھرنا دیا،شرکاء نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔
لاہور کی طرح ملتان اور فیصل آباد کی نرسوں نےمطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کااعلان کیا ہے،انہوں کہا کہ اس سے قبل بھی کئی بار انتظامیہ اور حکومت کی جانب سے وعدے کیے گئے تاہم انہیں پورا نہیں کیا گیا،اس بار اپنا حق لیے بغیر احتجاج ختم نہیں کریں گے۔
جب کہ پنجاب میں کل بارش اور آندھی چلنے کے باوجود لاہور کی نرسوں نے اپنا احتجاج چوتھے روز جاری رکھا، لاہور کی نرسیں ساری رات بارش کے دوران بھی مال روڈ پر لگائے گئے اپنے احتجاجی کیمپ میں موجود رہیں،انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ اپنے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھیں گی۔
لاہور،فیصل آباد،ملتان اور پشاور کی نرسوں نے مشترکہ جدوجہد کا عندیہ دیتے ہوئے حکومت سے مطابہ کیا ہے کہ ان کے سروس اسٹریکچر پر نظرِ ثانی کر کے تنخواہوں میں ’’ہیلتھ الاؤنس‘‘ کا اضافہ کیا جائے۔
چاروں شہروں میں احتجاج کرنے والی نرسوں نے پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے،جن پر حکومت کے خلاف نعرے درج تھے،شرکاء نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی جاری رکھتے ہوئے،مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا۔