اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

اسلام آباد ایف نائن پارک ماس سینٹر پر ویکسینیشن روک دی گئی، شہریوں کی ہنگامہ آرائی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: ایف نائن پارک ماس ویکسینیشن سینٹر پر شہریوں کو کرونا ویکسینیشن روک دی گئی ہے، جس کی وجہ سے شہریوں نے ہنگامہ آرائی کی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے ایف نائن پارک ویکسینیشن سینٹر پر شہریوں نے ہنگامہ آرائی شروع کر دی، مظاہرین نے الزام لگایا ہے کہ انتظامیہ شہریوں کو ویکسین نہیں لگا رہی ہے۔

ہنگامہ آرائی کے بعد ڈی ایچ او اسلام آباد ڈاکٹر زعیم ایف نائن ماس ویکسینیشن سینٹر پہنچ گئے، ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر سے شہری ویکسینیشن کے لیے اسلام آباد آر ہےہیں، اور ہماری بھرپور کوشش ہے کہ تمام شہریوں کو ویکسین لگائی جائے، لیکن امید سے زائد افراد آنے پر طلب و رسد کے مسائل سامنے آ رہے ہیں۔

ڈاکٹر زعیم نے شہریوں سے کہا کہ ویکسینیشن سینٹر میں کرونا ویکسین کا اسٹاک موجود ہے، جن میں کین سائینو کی 10 ہزار ڈوز اور سائینو فارم ویکسین کی 60 ہزار ڈوز شامل ہیں۔

پاکستان میں کرونا ویکسین کی قلت، بیرون ملک جانیوالےافراد کی نوکریاں خطرے میں پڑ گئیں 

دوسری طرف ویکسینیشن سینٹر پر کھڑے مظاہرین کا کہنا ہے کہ مرکز پر آسٹرازینیکا ویکسین دستیاب نہیں ہے۔

مظاہرین کی جانب سے ماس ویکسینیشن سینٹر انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی، جس پر انتظامیہ نے پولیس سے مدد طلب کر لی، اسسٹنٹ کمشنر اور پولیس کی بھاری نفری ایف نائن ماس ویکسینیشن سینٹر پہنچ چکی ہے۔

سینٹر پہنچنے والے ڈی ایچ او اسلام آباد کا کہنا ہے کہ دوسرے صوبوں سے شہری آنے پر ویکسینیشن کاؤنٹرز پر لوڈ بڑھ گیا ہے، اسلام آباد میں یومیہ 25 ہزار ویکسین لگانے کی صلاحیت ہے، تاہم اس میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اب تک کسی شہری کو ویکسین لگانے سے انکار نہیں کیا گیا ہے، بیرون ملک جانے والوں کو درپیش مشکلات کا بھی اندازہ ہے، تاحال آنے والے تمام افراد کی ویکسینیشن کی گئی ہے، ای پی آئی سے اضافی ویکسین طلب کی ہے، اور کچھ ہی دیر میں دوبارہ ویکسین کا آغاز ہو جائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں