لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ شیخ رشید کہتے ہیں میری وزارت سے وزیراعظم اور چین خوش ہے، ریلوےکی وزارت میں سیکڑوں حادثات ہو ئے لیکن کہتے ہیں چین خوش ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ملک کے 64 فیصد نوجوانوں کے لیے 15 ماہ میں کچھ نہیں ہوا، حکومت نے 15 ماہ میں صرف لنگر خانے کھولے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم باہر جا کر بتاتے ہیں میری قوم چوراورکرپٹ ہے لیکن معیشت کی حالت بتا رہی ہے قوم نہیں خودحکومت کرپٹ ہے، افسوس ہے حکمرانوں نے آج تک صرف کرپشن کا کام کیا ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ بی آر ٹی پشاور کئی سالوں کے باوجود نہیں بن سکا، حکومت نے 15 ماہ میں 15 سو یو ٹرن لیے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ نواز شریف صاحب کے علاج کےلیےملک میں اسپتال نہیں،ن لیگ حکومت کام کرتی تو نواز شریف کے علاج کےلیےاسپتال ہوتا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت نےگلگت اورمظفر آباد کو اپنے نقشے میں شامل کرلیا، ہم 22 دسمبر کومسئلہ کشمیرپر اسلام آباد میں دمادم مست قلندرکریں گے۔
امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی قیادتیں ملک نہیں اپنے کاروبار اور کارخانے بدلنے کا سوچتی ہیں، حکمرانوں کی مسلسل خیانت اورکرپشن سےملک کا بچہ بچہ مقروض ہے۔