لاہور: لاہور ہائی کورٹ میں سرکاری اسپتالوں میں احتجاج اور ہڑتالوں کے خلاف درخواست دائر کی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈاکٹروں کا کام ہڑتال نہیں لوگوں کا علاج معالجہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں سرکاری اسپتالوں میں احتجاج اور ہڑتالوں کے خلاف درخواست دائر کی گئی ہے جس میں وفاقی وصوبائی حکومت، ینگ ڈاکٹرز سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار کے مطابق ڈاکٹرز کی آئے روز ہڑتالوں سے مریض مشکلات کا شکار ہیں، ڈاکٹروں کا کام ہڑتال نہیں لوگوں کا علاج معالجہ ہے۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ عدالتوں نے ڈاکٹرز کی ہڑتال پر واضح احکامات جاری کر رکھے ہیں، ہڑتال کر کے ڈاکٹرز عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ احتجاج، ہڑتال کرنے والے ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا جائے، عدالت ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال فوری ختم کرنے کا حکم دے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ سرکاری اسپتالوں کی نجکاری کا خدشہ بالکل جھوٹ اور گمراہی کا فسانہ ہے۔
یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ حکومت میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوشن ایکٹ کے تحت پنجاب کے کسی بھی سرکاری اسپتال کی نجکاری نہیں کر رہی بلکہ عوام کو صحت کے شعبے میں مزید سہولیات پیدا کرنے کے لیے انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے۔