اسلام آباد: چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے سندھ سمیت صوبوں کو ٹیسٹ کٹس دی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہماری اولین ترجیح میڈیکل ٹیمز کے لیے سامان کی فراہمی ہے، آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان کو 5 ہفتے کے لیے ضروری سامان کی فراہمی کردی۔
انہوں نے کہا کہ لیباٹریوں کی تعداد اور ٹیسٹ کرنے کی استعداد بڑھانے کے لیے 7 مشینیں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے تعاون سے پاکستان کے مختلف حصوں میں دے دی گئی ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا تھا کہ ایبٹ آباد اور کے پی میں لیبارٹریز کام کرنا شروع کر دیں گی، پنجاب میں لیبارٹریز بھی جلد کام کرنا شروع کر دیں گی، فیصل آباد اور سرگودھا کی لیبارٹریزکو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ سندھ میں ایس آئی یو ٹی اور جے پی ایم سی میں ٹیسٹنگ شروع ہوجائےگی، بلوچستان حکومت کو بھی 2 مزید جگہوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو 20 ہزار، پنجاب کو 5 ہزار، بلوچستان کو7ہزار 800 ٹیسٹنگ کٹس دی گئی ہیں، آئندہ3 دنوں میں 4 سے 5 فلائٹس چین جائیں گی اور ضروری سامان لائیں گی،سامان میں پی پی آئی کے 5 ہزار سیٹ اور وینٹی لیٹرز شامل ہوں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا تھا کہ سامان میں میڈیکل سامان اور فیومیگیشن کے لیے کیمیکل شامل ہوگا، بیجنگ سے کل100واک تھرو تھرمل گیٹس بھی پہنچ رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 6 اپریل سے پہلے ایک لاکھ پی پی آئی سیٹس ہمارے پاس پہنچ جائیں گے،اب تک ہم 3 ہزار وینٹی لیٹر بُک کر چکے ہیں،اپریل کے آخر تک 1200 وینٹی لیٹر ہمارے پاس موجود ہوں گے۔