جیکب آباد اسلحہ برآمدگی کیس میں صوبائی مشیر بابل خان بھیو نے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔
بابل خان بھیو نے اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صاف و شفاف انکوائری کیلئے عہدے سے استعفیٰ دیتا ہوں، سندھ حکومت سے درخواست ہے غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائے۔
بابل خان بھیو نے کہا کہ وزیراعلیٰ سے درخواست ہے استعفیٰ فوری منظور کر کے انکوائری شروع کرائیں اور انکوائری رپورٹ پبلک کی جائے۔
اپنے مؤقف میں انہوں نے کہا کہ جیکب آباد واقعے سے میرا اور خاندان کا کوئی تعلق نہیں محظ اسٹیکر لگانے سےگاڑی ہماری نہیں ہو جاتی ہم خوداسلحہ کلچر کے سخت خلاف ہیں۔
علاوہ ازیں ایس ایس پی سلیم شاہ نے کہا کہ صوبائی مشیر بابل بھیو کے بیٹے الطاف بھیو کی گرفتاری و رہائی کی خبر بےبنیاد ہے کارروائی میں پکڑی گئی ڈبل کیبن گاڑی حاجی عبدالحمید کے نام سے رجسٹرڈ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلحہ بلوچستان کے ڈیرہ مراد جمالی سےشکارپور لایا جا رہا تھا کارروائی کی تفتیش کیلئے 2 ڈی ایس پیز پر مشتمل جےآئی ٹی تشکیل دی ہے۔