کراچی: پی ایس 127 کے ضمنی انتخابات میں پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے، 70 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق اس وقت پیپلز پارٹی کے امیدوار 12ہزار سے زائد ووٹ لے کر سب سے آگے ہیں، دوسرے نمبر پر ایم کیو ایم اور تیسرے نمبر پر پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 127 میں ضمنی انتخابات میں کاسٹ کیے گئے ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے، پولنگ اسٹیشن 66 کے غیر حتمی نتیجے کے مطابق ایم کیو ایم کے وسیم احمد 430 ووٹ لے کر اور پولنگ اسٹیشن 62 میں 52 ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔
اسی طرح سعدی ٹاون کے پولنگ اسٹیشن 52 میں پیپلزپارٹی کے مرتضی بلوچ 432 ووٹوں کے ساتھ آگے ہیں جب کہ وسیم احمد 158 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
پولنگ نمبر 1 شادمان ٹاؤن میں ایم کیو ایم کے 120 ووٹ ہیں جب کہ پی پی پی کے 2، پی ٹی آئی ایک اور مجلس وحدت المسلمین نے 9 ووٹ حاصل کیے،پولنگ اسٹیشن 50 میں وسیم احمد 258 ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔
رینجرز کی وجہ سے آج شفاف ووٹنگ ہوئی، امیدوار پیپلز پارٹی
کراچی: پی ایس 127 میں پیپلز پارٹی کے امیدوار مرتضیٰ بلوچ نے کہا ہے کہ رینجرز کی وجہ سے آج شفاف ووٹنگ ہوئی، پاکستان مردہ آباد کہنے والوں کو آج شکست ہوگی۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان زندہ آباد کہنے والے ہیں، حلقہ پی ایس 127 پیپلزپارٹی کا تھا اور پیپلزپارٹی کا ہی رہے گا، اگر عوام نے اعتماد کیا تو ملیر کے عوام کے اعتماد پر پورا اتروں گا۔
نتائج سے قبل ہی پیپلز پارٹی کے جیالوں کا جشن
انتخابات میں سبقت حاصل کرنے کی اطلاعات ملنے پر ملیر میں پیپلزپارٹی کے انتخابی کیمپ آفس پر ہزاروں کارکن جمع ہوگئے اور ان کی جانب سے رقص کیا گیا۔
دریں اثنا میمن گوٹھ میں پیپلز پارٹی کے جیالوں نے نتائج آنے سے قبل ہی جشن منانا شروع کردیا اور کہا کہ جیت ہماری ہی ہوگی کوئی پارٹی ہمیں شکست نہیں دے سکتی۔