دادو: پی ایس86 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا وقت شروع ہوگیا، پیپلزپارٹی کے صالح شاہ جیلانی اور پاکستان تحریک انصاف کے امداد علی کے درمیان مقابلہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق حلقے میں پولنگ کا باقاعدہ آغاز ہوچکا ہے، ضمنی انتخاب کے سلسلے حلقے میں عام تعطیل ہے، مقامی اپنا ووٹ کاسٹ کررہے ہیں۔
سید غلام شاہ جیلانی کے انتقال کے بعد یہ نشست خالی ہوئی تھی، پی پی اور پی ٹی آئی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے، البتہ تجزیہ کاروں نے صالح شاہ جیلانی کی جیت کا امکان ظاہر کیا ہے۔
حلقے میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد ایک لاکھ 99 ہزار 858 ہے، ضمنی الیکشن کے لیے پی ایس 86 میں 158 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔
حلقے کے 10پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس جبکہ 61 حساس قرار دیے گئے ہیں، جبکہ سیکیوٹی کے سخت انتظامات میں سندھ رینجرز کی بھی مدد حاصل ہے۔
خیال رہے کہ پی ایس 86 کے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کا امیدوار سید صالح شاہ وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کا قریبی عزیز ہے، سندھ سرکار نے پی پی امیدوار کے الیکشن مہم میں بھی بھرپور ساتھ دیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ضمنی انتخاب کو پرامن اور غیرجانبدارانہ بنیادوں پر منعقد کرانے کے لیے تمام ضروری انتظامات کرلیے گئے ہیں۔
تحریک انصاف نے وزیراعلیٰ سندھ پر الیکشن مہم کے دوران مداخلت کا الزام عائد کیا تھا، ان کے مطابق مراد علی شاہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کے منافی کام کررہے ہیں۔