کراچی : پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے آغاز میں صرف دو روز باقی ہیں لیکن کورونا وائرس کا خوف اس کے سر پر منڈلا رہا ہے۔
کورونا کی احتیاطی تدابیر کے پیش نظر اسلام آباد یونائیٹڈ نے آج اپنا پریکٹس سیشن منسوخ کردیا، ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام اسکواڈ ممبرز کا قرنطینہ مکمل ہونے کا انتظار ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے منتظمین کا مزید کہنا ہے کہ اگر آج کھلاڑیوں کا قرنطینہ مکمل ہوگیا تو کل سے پریکٹس سیشن شروع کریں گے۔
اسی حوالے سے پی ایس ایل کی پلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے، پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ 13کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر میچ کھیلا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق غیرملکی کھلاڑی دستیاب نہ ہوں تو بھی ٹیم قومی کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی، ٹیم8ملکی اور3 غیرملکی کھلاڑیوں کے ساتھ بھی میدان میں اترسکتی ہے۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل کا ساتواں ایڈیشن 27 جنوری سے کراچی میں شروع ہوگا جس کیلئے کورونا ایس او پیز تیار کرلیے گئے ہیں جن کے مطابق 8 کھلاڑیوں کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے باوجود میچ شیڈول کے مطابق ہو گا تاہم 20 رکنی سکواڈ میں سے 9 کھلاڑیوں کی رپورٹ مثبت آنے پر میچ ملتوی کر دیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے تیار کردہ ایس او پیز کے مطابق 8 کھلاڑیوں کے کورونا میں مبتلا ہونے پر میچ شیڈول کے مطابق منعقد کرائے جانے کے ساتھ ساتھ متاثرہ کھلاڑی 10 دن کیلئے قرنطینہ میں چلے جائیں گے جبکہ ان کے متبادل سیکیور ببل میں موجود کھلاڑیوں میں سے ہی کسی کو منتخب کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ٹورنامنٹ کے دوران ہوٹل کے سیکیور ببل میں 25 سے 30 اضافی کھلاڑی رکھنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ اس کے علاوہ کراچی اور لاہور کے درمیان چارٹرڈ فلائٹ چلیں گی اور ایک وقت میں صرف دو ٹیمیں سفر کریں گی۔