کراچی میں پی ایس ایل کی رونقیں لگنا شروع ہوگئی ہیں نیشنل اسٹیڈیم کے باہر سیزن 10 کا کاؤنٹ ڈاؤن ٹائمر نصب کر دیا گیا ہے۔
دنیا کی مقبول ترین کرکٹ لیگز میں سے ایک پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے آغاز میں صرف ایک ہفتہ باقی رہ گیا ہے اور کراچی میں اس کی رونقیں لگنا شروع ہو گئی ہیں۔
نیشنل اسٹیڈیم کے باہر پی ایس ایل سیزن 10 کا کاؤنٹ ڈاؤن ٹائمر نصب کر دیا گیا ہے. ٹکٹوں کی آن لائن فروخت بھی شروع ہو گئی ہے جب کہ ملک بھر میں فینز فزیکل ٹکٹس پیر سے خرید سکیں گے۔
چاروں وینیوز پر ٹکٹ کی کم سے کم قیمت 650 روپے رکھی گئی ہے۔پنڈی میں افتتاحی میچ کے ٹکٹ کی قیمت ایک ہزار سے 850 روپے تک مقرر کی گئی ہے۔
شائقین کا جوش بڑھانے کے لیے لاہور میں بھی سڑکیں سجا دی گئی ہیں۔ لاہور کے مین بلیوارڈ لبرٹی مارکیٹ چوک کو پی ایس ایل کی ٹیموں کے ناموں سے سجا دیا گیا ہے۔ اسی مقام پر دیوہیکل پی ایس ایل ایکس بھی سب کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن کا آغاز جمعہ 11 اپریل سے ہوگا۔ افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔
کراچی کنگز اپنا پہلا میچ ہفتہ، 12 اپریل 2025 کو اپنے ہوم گراؤنڈ، نیشنل بینک اسٹیڈیم، کراچی میں ملتان سلطانز کے خلاف کھیلے گی۔
11 اپریل سے 18 مئی تک 6 ٹیمیں ٹرافی کیلیے ملک کے چار شہروں کراچی، لاہور، ملتان، راولپنڈی کے میدانوں میں جنگ لڑکیں گی۔ ایونٹ کا فائنل 18 مئی کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہو گا۔