جمعرات, مئی 22, 2025
اشتہار

لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو ہرا کر پی ایس ایل 10 سے باہر کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

پی ایس ایل 10 کے ایلی منیٹر میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کی جانب سے دیا جانے والا 191 رنز کا ہدف 18.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، قلندرز کا دوسرے کوالیفائر میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے مقابلہ ہوگا اور جیتنے والی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے فائنل کھیلے گی۔

عبداللہ شفیق نے 35 گیندوں پر 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، اوپنر فخر زمان 47 رنز بنا کر نمایاں رہے، محمد نعیم 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کوشل پریرا 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، بھنوکا راجا پکسا23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، میر حمزہ اور فواد علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

 کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے اور قلندرز کو جیت کے لیے 191 رنز کا ہدف دیا تھا۔

کپتان ڈیوڈ وارنر نے 52 گیندوں پر 75 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 8 چوکے اور تین چھکے شامل تھے، قلندرز کی جانب سے ڈیوڈ وارنر کے دو کیچز بھی ڈراپ کیے گئے، خوشدل شاہ 27 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

عرفان خان نیازی 18 رنز بناسکے۔ ٹم سائفرٹ 16 اور جیمز ونس 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، سعد بیگ 11 اور محمد نبی 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

حارث رؤف نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شاہین آفریدی نے دو، زمان خان اور شکیب الحسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے ٹاس جیت کر شاہین آفریدی الیون کو پہلے بولنگ کی دعوت دی تھی۔

ایلی منیٹر ہارنے والی ٹیم کو خالی ہاتھ گھر لوٹنا پڑے گا جبکہ فاتح ٹیم دوسرے کوالیفائر میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے ٹکرائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر فائنل کی ٹکٹ کنفرم کرلی ہے۔

ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں دونوں ٹیموں نے 21 میچز کھیلے کراچی نے 14 جبکہ لاہور قلندرز نے 7 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے، آخری 7 میچوں میں کراچی نے 6 میچ جیتے ہیں جبکہ لاہور قلندرز صرف ایک میچ جیت سکے ہیں۔

اہم ترین

نعمان ناصر
نعمان ناصرhttps://arynews.tv/
صحافی و بلاگر، 8 سال سے اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں

مزید خبریں