لاہور : ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کا میچ دکھانے کیلیے شہدائے پولیس کے خاندانوں کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔
شہدائے پولیس کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی خصوصی ہدایت پر شہداء کے اہلِ خانہ کو قذافی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل میچ دکھایا گیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈیئٹر کے درمیان کھیلے جانے والا میچ دکھانے کیلیے شہدائے پولیس کے خاندانوں کو سرکاری پروٹوکول میں لایا گیا۔
شہدائے پولیس کے اہلخانہ و دیگر مہمانوں کو خصوصی نشستوں پر بٹھایا گیا، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران شہداء کے بچوں میں گُھل مل گئے۔
اس کے علاوہ والنٹیئرز آف پولیس میں شامل طلبا و طالبات بھی قذافی اسٹیڈیم پہنچ گئے، ڈولفن فورس میں بہترین کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کے خاندان بھی خصوصی دعوت پر شریک ہیں۔
اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا تھا کہ شہدائے پولیس کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
واضح رہے کہ چائلڈ کینسر سے آگاہی کے دن کے موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی خصوصی ہدایت پر میچ کے دوران تمام کھلاڑیوں نے چائلڈ کینسر کے حوالے سے آگاہی کیلیے زرد ( یلو) رنگ کا ہیلمٹ پہن کر بیٹنگ کی۔