پیر, مئی 5, 2025
اشتہار

’صائم ایوب کو انجری کے فوری بعد پی ایس ایل کھلانا غلط فیصلہ ہے‘

اشتہار

حیرت انگیز

صائم ایوب طویل انجری کے بعد پاکستان سپر لیگ میں ایکشن میں دکھائی دے رہے ہیں تاہم سابق کرکٹر نے اس کو جلد بازی کا فیصلہ قرار دیا ہے۔

پاکستان کے نوجوان اوپنر صائم ایوب جو رواں برس کے آغاز میں جنوبی افریقہ کیخلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں ٹخنے کی انجری کا شکار ہونےکے بعد طویل عرصہ کے بعد پاکستان سپر لیگ 10 میں پشاور زلمی کی جانب سے ایکشن میں دکھائی دے رہے ہیں۔

باصلاحیت قومی بیٹر پی ایس ایل میں ابتدائی میچ کے علاوہ جس میں انہوں نے نصف سنچری اسکور کی تھی آف کلر نظر آ رہے ہیں اور سات میچز کھیل کر مجموعی طور پر صرف 70 رنز ہی اسکور کر سکے ہیں۔

صائم ایوب کو بڑی انجری کے بعد براہ راست پاکستان سپر لیگ میں کھلانےکو پشاور زلمی کے بالنگ کوچ مشتاق احمد نے بڑی غلطی قرار دے دیا ہے۔

مشتاق احمد نے کہا کہ انجری کے طویل عرصہ بعد میدان میں واپس لوٹنے کے لیے صرف نیٹ سیشنز کافی نہیں ہوتے بلکہ فارم اور ردھم کو چیک کرنے کے لیے میچ پریکٹس کی ضرورت ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صائم ایوب کو پی ایس ایل کھیلنے سے قبل میچ فٹنس اور ردھم حاصل کرنے کے لیے کچھ کلب میچز کھیلنے چاہیے تھے۔

مشتاق احمد نے کہا کہ ٹورنامنٹ سے قبل صائم ایوب کو کچھ کلب میچز کھیلنا چاہیے تھے یا ہم ان کیلئے پریکٹس کا اہتمام کرتے تاکہ وہ اپنا کویا ہوا ردھم حاصل کرسکیں لیکن ایسا نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ اپنی بہترین کارکردگی سے پاکستان کو جنوبی افریقہ کو اسی کی سر زمین پر پہلی بار ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ کرانے میں اہم کردار ادا کرنے والے صائم ایوب ٹیسٹ سیریز کے دوران زخمی ہونے کے باعث 8 ہفتوں کے لیے کرکٹ سے دور ہو گئے تھے۔

نوجوان بیٹر اسی وجہ سے 29 سال بعد پاکستان کی سر زمین پر ہونے والے آئی سی سی ایونٹ چیمپئنز ٹرافی کھیلنے سے بھی محروم رہے تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں