پاکستان سپر لیگ کا دسواں ایڈیشن جاری ہے ٹورنامنٹ کے 34 میں سے 17 میچز مکمل ہوچکے ہیں اگلے مرحلے میں کون جائے گا فیصلہ آنے والے میچز میں ہوگا۔
دنیا کی مقبول ترین لیگز میں سے ایک پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 10) کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور 34 میچز کھیلے جانے ہیں جس میں سے 17 میچز کا نتیجہ آچکا ہے۔
ابتدائی نصف ٹورنامنٹ مکمل ہونے پر پوائنٹس ٹیبل پر صورتحال انتہائی دلچسپ ہوچکی ہے اور کوئی بھی ٹیم اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر سکتی ہے۔ تاہم فیصلہ کن مرحلے میں کون سی تین ٹیمیں جائیں گی۔ اس کا فیصلہ آنے والے میچز میں ہوگا۔
اب تک کھیلے گئے ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوزیشن سب سے مضبوط اور مستحکم ہے جو ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست ہے۔
اسلام آباد نے پانچ میچز کھیل کر تمام میں فتوحات حاصل کیں اور 10 پوائنٹ کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سر فہرست ہے۔ وہ اب صرف ایک میچ جیت کر اگلے مرحلےکے لیے کوالیفائی کر سکتی ہے۔
کراچی کنگز، لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈیئٹرز نے تین تین میچز جیت کر 6 چھ پوائنٹ حاصل کیے ہوئے ہیں تاہم رن ریٹ کی بنیاد پر لاہور، کوئٹہ اور کراچی بالترتیب دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
ان ٹیموں کو اگلےمرحلے میں کوالیفائی کرنے کے لیے تین، تین میچز جیتنا لازمی ہوں گے۔
مسلسل چار فائنل کھیلنے والی ٹیم ملتان سلطانز رواں پی ایس ایل میں سب سے زیادہ مشکلات کا شکار ہے اور چھ میچوں میں سے صرف ایک میں ہی کامیابی حاصل کر سکی ہے۔
ملتان سلطانز کو ناک آؤٹ مرحلے میں جانے کے لیے نہ صرف اگلے چاروں میچز جیتنا ضروری ہیں بلکہ دیگر ٹیموں کے نتائج پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔
پشاور زلمی کی ٹیم بھی اتار چڑھاؤ کا شکار ہے اور 6 میں سے صرف دو میچز ہی جیت پائی ہے۔ اس کے پاس بھی اب غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔