راولپنڈی: پی ایس ایل10 میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے فتوحات کی ہیٹ ٹرک کرلی، فاتح سائیڈ نے ملتان سلطانز کو 47 رنز سے شکست دی۔
تفصیلات کے مطابق ملتان سلطانز کی ٹیم پاکستان سپر لیگ میں فتح کا ذائقی نہ چکھ سکی، اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے دیے گئے 203 رنز ہدف کے تعاقب میں پوری ٹیم 155 رنز پر ہمت ہار بیٹھی، کپتان محمدرضوان 38 رنز بناکر کچھ مزاحمت کرپائے۔
کپتان ملتان سلطانز کے علاوہ افتخار احمد 32 اور عثمان خان 31 رنز بناسکے، کامران غلام 17 اور مائیکل بریسویل 16 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے جیسن ہولڈر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 25 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں، عماد وسیم نے 33 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے کھیل کر 6 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے، صاحبزادہ فرحان نے ایک بار پھر عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 53 رنز بنائے، کولن منرو 48 رنز بناکر نمایاں رہے۔
حیدرعلی نے 33 رنز بنائے، جیسن ہولڈر نے 32 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کا ٹوٹل 202 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ملتان سلطانز کی جانب سے کرس جارڈن نے 41 رنز دیکر 2 وکٹیں حاصل کیں، ڈیوڈ ولی، محمد حسنین، اسامہ میر اور عبید شاہ ایک، ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
دریں اثنا پی ایس ایل 10 کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا ٹاس جیتنے کے بعد کہنا تھا کہ کنڈیشن کو دیکھتے ہوئے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے، پچھلا میچ بھول کرآج اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے۔
کراچی کنگز کے ہاتھوں پچھلے مقابلے میں شکست کے بعد ملتان سلطانز کی ٹیم میں آج کے میچ کےلیے 2 تبدیلیاں کی گئیں۔
ملتان سلطانز نے لیفٹ ہینڈ پیسر عاکف جاوید اور شاہد عزیز کی جگہ محمد حسنین اور عبید شاہ کو ٹیم میں شامل کیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں بھی 3 تبدیلیاں کی گئیں، کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ پچ بیٹنگ کیلئے اچھی لگ رہی ہے، پہلے بیٹنگ ہی کرنا چاہتے تھے۔