لاہور : قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پی ایس ایل 10 کے اہم میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اس کیلیے نقصان کا باعث بنا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 143 رنز بنا سکی اور اس کے کھلاڑی ریت کی دیوار کی مانند یکے بعد دیگرے پویلین لوٹتے چلے گئے اور ٹیم پشاور زلمی کے ہاتھوں 6وکٹوں سے ہار گئی۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کے ابتدائی میچز مسلسل جیتنے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کی فتوحات کو پہلا دھچکا گزشتہ روز تب لگا جب اس نے لاہور قلندر سے شکست کھائی اور کل کے میچ میں بھی ٹیم پشاور زلمی کیخلاف کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا سکی۔
اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’ہر لمحہ پرجوش‘ میں سابق کرکٹر اور تجزیہ نگار باسط علی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی حالیہ شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے ٹیم کی ناکامی کی اصل وجوہات بیان کیں۔
باسط علی کے مطابق ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا جو فیصلہ کیا وہ ان کی شکست کا باعث بنا کیونکہ گزشتہ رات ہی لاہور میں طوفانی بارش ہوئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال میں جب بارش ہوئی ہو تو باؤنسی پچ پر پہلے بیٹنگ کرنا میرے لیے حیران کن تھا اگر اس جگہ میں ہوتا تو کبھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ نہیں کرتا۔
اس موقع پر کامران اکمل کا کہنا تھا کہ یہ بات سب جانتے ہیں کہ یہ رات کا میچ تھا اور سارا دن مطلع ابر آلود رہا اس لیے پچ کو دھوپ نہیں لگی اس میں نمی برقرار تھی۔ اس کے علاوہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے اہم کھلاڑیوں کو اس میچ میں شامل نہیں کیا، میر ے خیال میں شکست کی وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے۔
مزید پڑھیں : پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں گزشتہ رات کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیا جانے والا 145 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے صاحبزادہ فرحان 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ بین ڈی وارشز 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔