کراچی: شہر قائد میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے میچز کیلیے سکیورٹی اور ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا۔
نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف تمام سڑکیں ٹریفک کیلیے کھلی رہیں گی، شائقین کرکٹ کیلیے گراؤنڈ سے متصل چائنہ گراؤنڈ کے ساتھ ساتھ نیشنل کوچنگ سینٹر میں بھی پارکنگ کا انتظام کیا جائے گا۔
وی آئی پیز اور خصوصی پاسز کی حامل گاڑیوں کی پارکنگ اسٹیڈیم کے اندر ہوگی جو گیٹ نمبر 8 سے داخل ہو سکیں گی۔ شائقین اسٹیڈیم میں داخلے کیلیے مرکزی گیٹ کے ساتھ ساتھ گیٹ نمبر 4، 5، 12، 13 اور 14 استعمال کر سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں ٹریفک کے متبادل راستوں کا اعلان
اسٹیڈیم اور اطراف میں ڈرون کیمروں کے استعمال اور گراؤنڈ کے احاطے میں سی این جی سلنڈر نصب گاڑیوں کے داخلے پر سخت پابندی ہوگی۔
تمام گیٹ میچ کے شروع ہونے سے 3 گھنٹے پہلے کھول دیے جائیں گے، داخلے کیلیے اصل قومی شناختی کارڈ اور میچ ٹکٹ کی ہارڈ کاپی کا ہونا لازمی ہے، آن لائن ٹکٹس پر اسٹیڈیم میں داخلہ ممکن نہیں ہوگا۔
اسٹیڈیم میں کھانے پینے کی کوئی بھی چیز لانے کی اجازت نہیں ہوگی تاہم کھانے پینے کی اشیا اسٹیڈیم کے اندر لگے اسٹالز پر دستیاب ہوں گی۔
میطز کے دوران 6700 سے زائد اہلکار سکیورٹی پر مامور ہوں گے۔
گزشتہ روز پی ایس ایل 10 کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں گلوکار علی ظفر اور عابدہ پروین نے آواز کا جادو جگایا۔ افتتاحی تقریب راولپنڈی اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی جس میں فلائنگ مین نے دھماکے دار انٹری دی اور ٹرافی اسٹیج تک پہنچائی۔
لیجنڈری گلوکار عابدہ پروین نے صوفیانیہ کلام گا کر سماں باندھ دیا، ینگ اسٹنرز نے بھی تماشائیوں کا جوش بڑھایا، علی ظفر نے بھی ’الے‘ اور ’لاڑشا پخاور‘ گنگنایا۔