لاہور: کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے ہیڈ کوچ معین خان نے کہا ہے کہ میچ کے دوران بدقسمتی سے باؤلرز پریشر کو ہینڈل نہیں کرسکے۔
پی ایس ایل 10 کے فائنل میچ میں لاہور قلندرز سے ہارنے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے ہیڈ کوچ معین خان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ایک اچھا میچ ہوا ہے، لاہور قلندرزکو مبارکباد ہو۔
انہوں نے کہا کہ فائنل میں لاہور قلندرز نے بڑے ٹارگٹ کو کامیابی سے پورا کیا، کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے پورا پی ایس ایل بہت اچھا کھیلا، ہر میچ میں کسی نہ کسی کھلاڑی نے بہترین پرفارم کیا۔
معین خان نے ٹیم کی شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے باؤلرز پریشر کو ہینڈل نہیں کرسکے، سکندر رضا اور پریرا نےبہت اعلیٰ کرکٹ کھیلی، محمد عامرکیلئے برا دن تھا، عامر نے بہت سے میچز جتوائے ہیں۔
لاہور قلندرز کے بلے بازوں نے اچھی باؤلنگ کی، میں بطور کوچ اپنی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں، سکندر رضا نے بہت زبردست پروفیشنلزم دکھایا۔
ان کا کہنا تھا کہ انسان جیت اور ہار دونوں سے کچھ نہ کچھ سیکھتا ہے، تاہم سب کھلاڑی جیت کیلئے ہی کھیل رہے ہوتے ہیں، کراؤڈ کا پریشر بھی ہوتا ہے۔
ہیڈکوچ کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے کہا کہ نئے پی ایس ایل کے لئے نئی پلاننگ کرنی ہوگی، ٹیم کو وسیم جونیئر کی انجری کا نقصان ہوا ہے لیکن پورے ٹورنامنٹ میں وسیم جونئیر اچھی فارم میں رہے۔
مزید پڑھیں : پی ایس ایل10 کے فاتح کا تاج لاہور قلندرز کے سر سج گیا
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ 10 کے فائنل میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ لاہور قلندرز نے صرف ایک گیند قبل اس دلچسپ مقابلے میں گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔
پی ایس ایل کی تاریخ میں لاہور قلندرز کی ٹیم تیسری بار لیگ کی فاتح بنی، اس سے قبل لاہور نے پاکستان سپر لیگ 7 اور 8 کا ٹائٹل بھی جیتا تھا۔