پی ایس ایل 10 میں کراچی کنگز سے بدترین شکست کے بعد ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے اپنے کپتان محمد رضوان کو ہی ٹرول کر دیا۔
پاکستان سپر لیگ 10 میں گزشتہ روز کراچی کنگز نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو چاروں شانے چت کر دیا۔ لیگ کی مقبول ترین فرنچائز نے ملتان کی جانب سے جیت کے لیے دیا گیا 235 رنز کا بڑا ہدف چار گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا۔
اس شکست کے بعد ملتان سلطانز فرنچائز کے مالک علی ترین نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپے ہی کپتان محمد رضوان کو ٹرول کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ لَرن تو ہوگیا (سیکھ تو لیا)، جیمز ونس اور خوشدل سے خاص طور پر۔
انہوں نے صرف ایک ہی ٹویٹ پر بس نہیں کیا بلکہ ایک اور ٹویٹ میں گہرا طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’’چلو کوئی نہیں، فیلڈنگ تو کی ہم نے‘‘۔
مذکورہ میچ میں جیمز ونس نے 43 گیندوں پر 101 رنز میچ وننگ اننگ اور پی ایس ایل کی تاریخ کی تیسری تیز ترین سنچری اسکور کی تھی۔ خوشدل شاہ نے بھی جارحانہ 37 گیندوں پر 60 رنز بنائے تھے۔ دونوں بیٹرز نے پانچویں وکٹ کے لیے 142 رنز جوڑے تھے۔
واضح رہے کہ محمد رضوان جو پاکستان کرکٹ وائٹ بال ٹیم کے بھی کپتان ہے اور قومی ٹیم پے در پے شکستوں سے دوچار ہے۔ ہر شکست کے بعد پاکستانی کپتان یہ بیان دیتے ہیں کہ ہم شکستوں سے سیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
صارفین ملتان سلطانز کے مالک کی ان طنزیہ ٹویٹس کو اسی تناظر میں دیکھ رہے ہیں۔