اتوار, مئی 18, 2025
اشتہار

پی ایس ایل 10: کوئٹہ گلیڈیئٹرز نے ملتان سلطانز کو ہرا دیا

اشتہار

حیرت انگیز

ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کے 28 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈیئٹرز نے ملتان سلطانز کو ہرا کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کی جانب سے جیت کے لیے دیے گئے 186 رنز کا ہدف کوئٹہ کے گلیڈیئٹرز نے سات وکٹوں سے ہرا دیا۔ حسن نواز نے جارحانہ ناقابل شکست نصف سنچری بنا کر جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

حسن نواز نے 38 گیندوں پر 67 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔ انکی اننگ میں 6 بلند وبالا چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔ خواجہ نافع نے بھی 26 گیندوں پر 51 رنز کی برق رفتار اننگ کھیلی۔ انہوں نے چار چھکے اور پانچ چوکے لگائے۔

کوئٹہ کی جانب سے کپتان سعود شکیل اور خواجہ نافع نے 77 رنز کا بہترین آغاز فراہم کیا۔ سعود شکیل 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کراچی کنگز کی جانب سے شاہد عزیز سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد حسنین، عبید شاہ اور پیٹر ہیٹزوگلو کے ہاتھ ایک ایک وکٹ آئی۔ حسن نواز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے اور کوئٹہ کو جیت کے لیے 186 رنز کا ہدف دیا۔

ملتان کی جانب سے یاسر خان 45 اور طیب طاہر 36 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ شاہد عزیز 29 اور جہانزیب سلطان نے 25 رنز بنا کر اپنا حصہ ڈالا۔

کوئٹہ کی جانب سے سب سے کامیاب بولر عثمان طارق رہے جنہوں نے 32 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ خرم شہزاد، فہیم اشرف، وسیم جونیئر اور ابرار احمد نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس نتیجے کے ساتھ کوئٹہ گلیڈیئٹرز پوائنٹس ٹیبل پر 15 پوائنٹ کے ساتھ پہلے نمبر پر پہنچ گئی ہے اور وہ پہلا پلے آف دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کے ساتھ کھیلے گی۔

دوسری جانب ایک بار کی چیمپئن اور مسلسل چار فائنل کھیلنے والی ملتان سلطانز کے لیے پی ایس ایل 10 ایک ڈراؤنا خواب ثابت ہوا اور 10 میچ کھیل کر صرف ایک میچ میں ہی کامیابی حاصل کی۔

آج دوسرا میچ پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا جب کہ لیگ اسٹیج کا آخری میچ کل 19 مئی کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

کوئٹہ گلیڈیئٹرز اور کراچی کنگز پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں جب کہ ملتان سلطانز ٹورنامنٹ سے باہر ہوچکی ہے۔

اگلے مرحلے کی دو ٹیموں کے لیے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان رسہ کشی جاری ہے۔

پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے میں شامل کوالیفائر، ایلیمینیٹر 1 اور 2 اور فائنل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 21 سے 25 مئی کے درمیان کھیلے جائیں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں